ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کی جنگ آج کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا میں لڑی جائے گی تاہم اس اہم میچ سے قبل وہاں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے فائنل کا ٹکٹ کٹانا ہے یا خالی ہاتھ گھر واپس جانا ہے فائنل سے قبل سیمی فائنل بن جانے والا پاکستان اور سری لنکا کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا تاہم آج پاکستانی شائقین کو گرین شرٹس کی فتح کے ساتھ بارش کی شکست کی بھی دعا کرنی ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے آج پورا دن کولمبو میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور یہ خطرہ آج علی الصباح سے پریما داسا اور اطراف میں افق پر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی سے بڑھ رہا ہے۔ کبھی سیاہ بادل چھانے لگتے ہیں تو کبھی سورج امید کی کرنیں بکھیرنے لگتا ہے۔
رات سے ہونے والی بارش کا سلسلہ ابھی تھم گیا ہے تاہم آج صبح آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے پاک سری لنکا میچ کے دوران بھی تین مختلف اوقات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
آر یا پار! ایشیا کپ کا فائنل پاکستان کھیلے گا یا سری لنکا، فیصلہ آج ہو جائے گا
بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا تو پاکستان ایشیا کپ سے باہر ہو جائے گا اور ایونٹ کا فائنل دفاعی چیمپئن سری لنکا اور 7 بار کی چیمپئن بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔