کراچی: مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ پاکستانی فلمی دنیا میں ایک بار پھر تہلکہ مچانے کو تیار ہیں جس کے لیے انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے اشتراک سے بننے والی پاکستانی فلم ’’جوانی پھر نئی آنی‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے اور ایوارڈ حاصل کرنے والے مزاحیہ فنکار احمد علی بٹ نے اے آر وائی اور سکس سگما پلس کے اشتراک سے نئی آنے والی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا۔
اس موقع پر اداکار احمد علی بٹ نے اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’فلم میں کاسٹ ہونا میرے لیے بہت مسرت کی بات ہے، میں اس فلم میں بھرپور محنت کر کے اپنے مداحوں کےدل جیتنے کی کوشش کروں گا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس فلم پنجاب نہیں جاؤں گی میں میرا کرداد مختلف ہے اور مداح مجھے نئی کردار میں دیکھ کر خوش ہوجائیں گے گزشتہ فلم میں حاصل ہونے والی کامیابی پر اداکار کا کہنا تھا کہ ’’ مداحوں کی جانب سے مجھے بہت پیار ملا تاہم نئی فلم میں مداحوں کی خواہش کے مطابق کام کرنے کی کوشش کروں گا‘‘۔
اے آر وائی اور سکس سگما پلس کے ڈائریکٹر ندیم بیگ کی جانب سے بنائی جانے والی نئی فلم میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات مرکزی کردار میں جبکہ اداکار احمد علی بٹ بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
پاکستانی اداکار ہمایوں سعید جو اس فلم میں اہم کردار کے ساتھ پروڈیوسر کے فرائض بھی سرانجام دیں گے، فلم آئندہ سال 2017 میں ریلیز کی جائے گی۔