وزیراعظم شہباز شریف کے سابق فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا احمد جواد نے کہا ہے کہ سلمان اقبال کو ارشد شریف کا قاتل ثابت کرنے کا بیانیہ عقل سے پیدل ہے۔
احمد جواد جنہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا نے سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔
احمد جواد نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سلمان اقبال کو ارشد شریف کا قاتل ثابت کرنے کا بیانیہ عقل سے پیدل ہے اور یہ ایسا ہی ہے جیسے فلم اسٹار میرا کا انگلش زبان میں اخلاقیات پر لیکچر کا بیانیہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں پر عوام ہنسیں گے اور یہ ہنسانے کا نہیں بلکہ ہوش میں آنے کا وقت ہے، خدا کے لیے عقل کو ہاتھ ڈالیں۔
سلمان اقبال کو ارشد شریف کا قاتل ثابت کرنے کا بیانیہ عقل سے اتنا ہی پیدل ہے جتنا کہ فلم سٹار میرا کا کسی یونیورسٹی میں انگلش زبان میں اخلاقیات پر لیکچر کا بیانیہ
دونوں پر عوام ہنسے گی!
یہ ہنسانے کا وقت نہیں ہوش میں آنے کا وقت ہے،خدا کیلئے عقل کو ہاتھ ڈالیں #ArshadSharif— Ahmad Jawad (@AhmadJawadBTH) October 30, 2022
واضح رہے کہ صدر و سی ای او اےآروائی نیٹ ورک سلمان اقبال نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ واضح کہتا ہوں میرے بھائی ارشد کیخلاف بہیمانہ فعل میں میراکوئی دخل نہیں مجھے دکھ اور صدمہ ہے کہ ارشدشریف کے قتل پر ابھی تک کوئی کمیشن نہیں بنایا گیا تحقیقات کے بجائے حکومت پریس کانفرنسز کر کے مجھے سازش کا حصہ بنا رہی ہے۔
’واضح کہتا ہوں میرے بھائی ارشد کیخلاف بہیمانہ فعل میں میرا کوئی دخل نہیں‘
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں سلمان اقبال نے کہا تھا کہ میں اپنے بھائی ارشد شریف کے بہیمانہ قتل سے شدید صدمے اور شکستہ دل ہوں اپنی کیفیت الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا ارشد کی وفات پورے پاکستان اور عالمی سطح پر صحافت کیلئے بہت بڑا نقصان ہے ارشدشریف کے اہلخانہ اور تمام سوگواران کیساتھ ہوں۔