اسلام آباد : وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عدلیہ کے فیصلے نواز شریف کو دلوں سے نہیں نکال سکتے، نواز شریف اب بھی مسلم لیگ کےقائد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں تین روزہ صوفی کانفرنس کی اختتامی نسشت سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ تصادم کی بجائے امن اور ہم آہنگی عالمی امن کیلئے ضروری ہے، ترقی کا امن سے بہت گہرا تعلق ہے، رزق بھی امن سے مشروط ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان کے خلاف دشمن قوتیں متحد ہو چکی ہیں، نیب لوگوں کو بے نواز کر رہی ہے، اداروں میں محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیئے، نواز شریف اب بھی مسلم لیگ کے قائد ہیں، نیب بھی اپنا کام صحیح انداز سے نہیں کر رہا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں امن نہ ہو، پہلے نیب لوگوں کو با مشرف کرتی ہے، اب بے نواز کر رہی ہے، پارلیمنٹ اور انتظامیہ پر سرجیکل سٹرائیکس کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں : ملکی ترقی اور سی پیک کی ناکامی کیلئےدشمن ایجنسیاں کام کررہی ہیں،احسن اقبال
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں نئے صدر کا اعلان ہو گا، عدلیہ کے فیصلے نواز شریف کو دلوں سے نہیں نکال سکتے۔
اس سے قبل احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ احتساب سےکوئی بھی خوفزدہ نہیں، ٹارگٹ کلنگ کی اجازت نہیں دی جائےگی، نیب نے لوگوں کو’بامشرف‘ بنانے کا کام کیا اب بے نواز بنا رہی ہے۔