اسلام آباد : ن لیگ کے گرفتار رہنما احسن اقبال کا طبی معائنہ کرلیا گیا، وہ طبی طور پر فٹ ہیں،3رکنی میڈیکل بورڈ نےاحسن اقبال کو روٹین کے ٹیسٹ تجویزکر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے گرفتار رہنما احسن اقبال کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا، پولی کلینک انتظامیہ نے نیب کی درخواست پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر آصف تین رکنی میڈیکل بورڈ کےسربراہ مقرر کیے گئے ہیں، میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر حامد اقبال، نیب سرجن ڈاکٹر امتیاز شامل ہیں۔
پولی کلینک ذرائع کے مطابق3رکنی میڈیکل بورڈ نے احسن اقبال کا طبی معائنہ کرلیا ہے، احسن اقبال کا معائنہ نیب راولپنڈی کے دفترمیں کیا گیا۔
احسن اقبال طبی طور پر صحت مند ہیں، ان کا بلڈپریشر،شوگر لیول معمول کےمطابق ہے، تاہم میڈیکل بورڈ نےاحسن اقبال کو روٹین کے ٹیسٹ تجویزکر دیئے ہیں۔
پولی کلینک ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کو دل، جگر، خون، پیشاپ کے ٹیسٹ تجویز کئے گئے ہیں، ان کے ٹیسٹ آئندہ ہفتے کئے جائیں گے۔
مزید پڑھیں : نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی
اسپتال ذرائع کے مطابق احسن اقبال نےمیڈیکل بورڈ سے کہنی میں تکلیف کی شکایت کی ہے، ڈاکٹرز نے احسن اقبال کو بلڈپریشر اور زخم کی دوائیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے یاد رہے کہ احسن اقبال کا گزشتہ ہفتے سروسز اسپتال لاہور میں کہنی کا آپریشن ہوا تھا۔