کراچی : معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کیلیے ایئرایمبولینس26ستمبرکی رات کراچی ایئرپورٹ پرلینڈ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق معروف کامیڈین عمرشریف کی علاج کیلئے بیرون ملک منتقلی کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے ایئرایمبولینس کو ایئر پورٹ پرلینڈنگ کی اجازت دے دی۔
اس حوالے سے سی اےاے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ایئر ایمبولینس 26ستمبرکی رات 11بجےکراچی ایئرپورٹ لینڈکرے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ ایئر ایمبولینس جرمنی سےکراچی پہنچےگی ، جس میں کپتان کے ہمراہ 5 کریو کا عملہ بھی پاکستان آئے گا۔
یاد رہے دو روز قبل معروف کامیڈین عمر شریف کی بیرون ملک علاج کیلئے روانگی کے معاملے پر ایئرایمبولینس کے لیے رقم امریکی بینک کو منتقل کی گئی تھی۔
خیال رہے عمرشریف کی بیرون ملک منتقلی کیلئے امریکا کی ایئرایمبولینس نامی کمپنی کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کےعلاج کیلئے4کروڑ جاری کئےگئےتھے جبکہ امریکا منتقلی کے لیے 2کروڑ 84لاکھ 98ہزار ادا کئے گئے۔