پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو راولپنڈی میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ائیر چیف نے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں شہید ہونے والے افسر کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ہمارے شہداء کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ قوم کی یادوں میں نقش رہیں گی۔
انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ اور پاک فوج کے زخمی اہلکاروں سمیت زخمی ہونے والے شہریوں سے بھی ملاقات کی۔
مارشل چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے زخمی اہلکاروں کے غیر متزلزل عزم اور حوصلے کو سراہا، پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر قیمت پر فضائی سرحدوں کا دفاع کیلئے تیار ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں کے دوران اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف اور 11جوانوں سمیت 51 شہری شہید ہوئے تھے۔