اسلام آباد: مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی مشکلات میں ہیں ہمیں احساس ہے، آج فیصلہ کیا گیا 20 اپریل کے بعد 6 ائیرپورٹس کھولے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 20 اپریل کے بعد 6 ایئرپورٹس کھل جانے سے 7 ہزار تک پاکستانی ہر ہفتے آسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے صبر کیا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، 21 مارچ کو ہم نے فضائی حدود بند کی تھی، محفوظ طریقے سے تمام پاکستانیوں کو واپس لارہے ہیں۔
معید یوسف کے مطابق 4 اپریل کو ہم نے اپنی فضائی حدود جزوی طور پر کھولی ہے، اب تک ہم 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو واپس لاچکے ہیں، آج سے 11 اپریل تک 6 پاکستان کے ایئرپورٹ کھول دئیے ہیں۔
مزید پڑھیں: کرونا وائرس، پاکستان کا سرحدیں مزید دو ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ
مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ لائحہ عمل کے تحت وفاق نے پاکستانیوں کی واپسی کا پورا نظام بنایا، ہمیں احساس ہے فوری طور پر 35 ہزار پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں، بیرون ملک پاکستانی مزدور طبقہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیدی جو رہا ہوئے ہیں وہ بھی ہماری ترجیح ہیں، طورخم اور چمن پر قرنطینہ کا انتظام کردیا گیا ہے، رواں ہفتے افغانستان میں موجود پاکستانیوں کو واپس لائیں گے، ایران بارڈر کو بھی حفاظتی انتظامات کے بعد کھول دیا جائے گا۔