اسلام آباد : بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہم دھوکہ کھانے نہیں آئے، آزاد بینچوں پربیٹھ کرحمایت اور جائز مطالبات پر وفاق کا ساتھ دیں گے، ابھی عمران خان کو مبارکباد نہیں دوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، امتحان کے مراحل کا آغاز ہے، ابھی کامیاب نہیں ہوئے، جو وعدے عوام سے کئے ہیں اللہ ان پر پورا کرنے کی توفیق دے۔
بی این پی سربراہ نے کہا کہ عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر ابھی مبارکباد نہیں دوں گا، اپنے فرائض انجام دیں گے تو ان کو مبارکباد دوں گا، فرائض کی انجام دہی میں کامیابی پر سب مبارکباد کے مستحق ہوں گے۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ان ماؤں بہنوں سے پوچھیں جن کے بیٹے اوربھائی لاپتہ ہیں، ہم احتجاج کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ آپ غدار ہیں، غیر جمہوری طریقے سے اٹھنے والے طوفان کو روکا جائے۔
بی این پی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ جس حلقے سے میں منتخب ہوا ہوں اس کی تحقیقات سب سے پہلے کی جائے، دیکھا جائے کہ کیا میں دھاندلی سے منتخب ہوا ہوں؟ ایک پارلیمانی کمیشن بنایا جائے جس کو شکایات ہو اسے حل کیا جائے ۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے وفد کی اختر مینگل سے ملاقات
اختر مینگل نے کہا کہ ہمیں کوئی وزارت نہیں چاہئے،چھ نکات پرعمل کیا جائے، دھوکہ کھانے نہیں آئے، آزاد بینچوں پربیٹھ کر آئین کے مطابق کیے گئے حکومتی اقدامات کی حمایت کرینگے اور جائز مطالبات پر وفاق کا ساتھ دیں گے۔