بی این پی سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست سے بہتر ہے کہ پکوڑوں کی دکان لگا لوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے آج اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ملکی سیاست پر اپنے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست سے بہتر ہے کہ پکوڑوں کی دکان لگا لوں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر محمود خان اچکزئی اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی رہ گئی ہے اور میں آج قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
سردار اختر مینگل نے مزید کہا کہ حکومت کو بلوچستان کے مسئلے پر دلچسپی نہیں ہے اور یہ لوگ صوبے کے مسئلے کو سمجھ نہیں سکے۔ اب کسی ادارے پر یقین نہیں رہا، ہمارے آباؤ اجداد نے ہمیں عزت سے بات کرنا سکھایا۔
واضح رہے کہ سردار اختر مینگل رواں سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 256 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔