اسلام آباد : قومی اسمبلی میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی، جس میں کہا گیا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس مں پی پی پی رکن ناز بلوچ نے مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد پیش کی۔
قومی اسمبلی نے مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی ، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان بیت المقدس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ کرے، رمضان میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔