لاہور : سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ سیاسی یتیم ہوچکی ہے اب پیپلز پارٹی کی باری ہے، آصف زرداری پنجاب کے بجائے جیل یاترا کی تیاری کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کے اعصاب پر سوار ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کی کارکردگی نے اپوزیشن کو اکٹھے ہونے پرمجبور کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو پنجاب کے سیاسی دورے کرنے سے مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، آصف زرداری اب پنجاب کے بجائے جیل یاترا کی تیاری کریں، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو ایک ایک پائی واپس کرناہوگی۔
سینئر وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ کرپشن پر اپوزیشن کارویہ سوال گندم جواب چنا کے مترادف ہے، نواز شریف اور آصف زرداری کا اتحاد عوام کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔
نواز لیگ اب سیاسی طور پر یتیم ہوچکی ہے اس کے بعد پیپلز پارٹی کی باری ہے، وزیراعظم عمران خان احتساب پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، روایتی اورخاندانی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے۔