ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

علی امین گنڈاپور کی دھمکی کام کر گئی، پیسکو لوڈشیڈنگ کم کرنے پر راضی

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی دھمکی کے بعد پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی پر راضی ہوگیا۔

علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز پیسکو کو وارننگ دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آج رات تک لوڈشیڈنگ کم نہ ہوئی تو کل پیسکو کا انتظام سنبھالوں گا۔

آج چیف پیسکو متعلقہ عملے کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے اور علی امین گنڈاپور کو صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق بریفنگ دی اور لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

- Advertisement -

ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے پی اور چیف پیسکو میں لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر اتفاق ہوا جس کے مطابق لوڈشیڈنگ 22 گھنٹے سے کم کر کے 18 گھنٹے کی جائے گی جبکہ 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو 14 گھنٹے کیا جائے گا۔

اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نئے شیڈول پر عمل درآمد کیلیے پیسکو حکام آج ہی میکنزم تیار کریں، نیا شیڈول تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو بھیجا جائے، شیڈول سے ایک منٹ زیادہ کی بھی لوڈشیڈنگ ہو تو ایکسئین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے حل کیلیے وفاقی حکومت کے ساتھ بات کرنے کیلیے تیار ہیں، صوبے کے عوام کو فوری ریلیف دیا جائے گا تو ہی بات چیت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو فوری ریلیف نہ ملا تو امن و امان کے سنجیدہ مسائل جنم لینے کا خدشہ ہے، صوبائی حکومت اپنے بقایا جات سے کٹوتی کروا کر ریلیف دینا چاہتی ہے، بجلی مہنگی ہونے کے باوجود بجلی مل رہی ہے اور نہ ہی ٹرانسمیشن کا نظام ٹھیک ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لائن لاسز کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور پیسکو ہے، سزا صوبے کے عوام کو دی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں