تازہ ترین

لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابی ڈرامہ قابل اعتبار نہیں، سید علی گیلانی

سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ 10لاکھ بھارتی افواج اور نیم فوجی فورسز کی موجودگی میں انتخابی ڈرامے کی کوئی اعتباریت اوروقعت نہیں ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتخابی ڈرامہ جمہوری عمل کے بجائے محض ایک فوجی مشق ہے لیکن بھارت اس کو اپنے جبری قبضے کے حق میں جواز کے طور پر پیش کرکے عالمی برادری کو گمراہ کررہاہے۔

انہوں نے نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ اور حلقے کے پولنگ والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم حصولِ حقِ خودارادیت کے لیے عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کررہی ہے اور ان قربانیوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ عوام ہر اس عمل سے دور رہیں جو آزادی کے سفرکو طویل بنائے اور جس سے ان قربانیوں پر حرف آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے سری نگر پارلیمانی انتخابات کے دوران میں جس جذبے، حوصلے اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا ہے اس کوایک بار پھر دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کویہ واضح پیغام جائے کہ انتخابی ڈرامے رائے شماری کانعم البدل نہیں ہوسکتے جس کا کشمیری قوم کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر وعدہ کیا گیا ہے اور جس کے لیے کشمیری عوام جدوجہد کررہے ہیں۔

حریت چیئرمین نے کہاکہ ووٹ ڈالنا ہمارے شہداءکے روح کو اذیت پہنچانے کا موجب بنتا ہے اور بھارت اس کو بین الاقوامی فورمز پر ایک کارڈ کے طور استعمال کرتا ہے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ خوش ہیں اور انتخابات میں حصہ لے کر وہ جبری اور فرضی الحاق کی توثیق کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت نے کشمیریوں کے خلاف ہر محاذ پر جنگ چھیڑ رکھی ہے، کسی فرد کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ قوم کے اجتماعی مفاد کے ساتھ غداری کرکے دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرنے کے لیے انتخابی ڈراموں میں حصہ لے یا ووٹ ڈالے۔

Comments

- Advertisement -