پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

علی جہانگیر صدیقی کے سفیر بننے سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں: عدالت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: علی جہانگیر صدیقی کے سفیر بننے سے متعلق کیس میں عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت میں علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں۔

تفصیلات کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

سماعت میں اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علی جہانگیر صدیقی کی جانب سے وسیم سجاد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں درخواست شہزاد صدیق علوی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس کی پیروی حسن مان ایڈووکیٹ نے کی۔

جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ عدالتی معاونین کے جواب کے مطابق کیریئر ڈپلومیٹس متاثر نہیں ہوئے اور درخواست گزار بھی علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے متاثر نہیں ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ علی جہانگیر صدیقی سفیر بننے کی اہل نہیں جس پر عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت میں علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سفیر تعیناتی کی پالیسی کے مطابق 80 فیصد پروفیشنل جبکہ 20 فیصد نان کیریئر ڈپلومیٹ تعینات کیے جاتے ہیں۔ نیب اتھارٹی کو مطلوب شخص کو سفیر تعینات نہیں کیا جا سکتا، نیب علی جہانگیر صدیقی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا کہہ چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شخص حکومت کے لیے شرمندگی کا باعث بنے گا، کسی گوالے کو سفیر نہیں لگایا جا سکتا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ پالیسی میٹر ہے عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، وزارت خارجہ نے اس تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا تو عدالت کو کیا اعتراض ہے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں