منگل, دسمبر 10, 2024
اشتہار

’چیئرمین پی اے سی کیلیے بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کا نام دیا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی محمد خان کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کیلیے بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کا نام دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن کا استحقاق ہے اور پارلیمنٹ میں اس وقت ایک ہی اپوزیشن پی ٹی آئی ہے، حکومت نے پی اے سی چلانی ہے تو اس کا استحقاق اپوزیشن ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے انکار کیا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ عمر ایوب سمجھتے ہیں ان کے بانی پی ٹی آئی سے رابطے نہیں ہو پا رہے، انہوں نے عہدہ چھوڑنے کی بات کی تھی تو ہم نے درخواست کی کہ ابھی نہ چھوڑیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی گروپ نہیں ہے، بانی اور قیادت جیل میں ہے لہٰذا کنفیوژن ہونا فطری عمل ہے، ہماری توجہ مہنگائی، معیشت، بانی، قیادت اور کارکنان کی رہائی پر ہے۔

کور کمیٹی میں اراکین میں تلخ کلامی کے بارے میں علی محمد خان نے کہا کہ کمیٹی میں بحث و مباحثہ ہوا تھا کوئی ہاتھا پائی نہیں ہوئی تھی، بحث و مباحثے میں تکرار ہوتی ہے یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بحث و مباحثے میں گرما گرمی ہوئی تھی جس کا اعتراف کرتا ہوں، جنرل میٹنگز میں بحث ہوتی ہے یہ فطری عمل ہے، پارٹی میں اتحاد ہے اور عوامی سطح پر بھی ہم سب ایک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور قیادت جیل میں ہے جبکہ پارٹی کو بڑے نام چھوڑ کر گئے اس وقت وکلا نے اہم کردار ادا کیا، وکلا نے اہم وقت میں پارٹی کیلیے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے، مشکل صورتحال میں وکلا پارٹی کو آگے لے کر آئے جو بڑی بات ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ پیغام رسانی بیرسٹر گوہر کے ذریعے ہو تو یہ زیادہ موزوں ہے، وہ چیئرمین کی نشست پر بھی ہیں اس لیے پیغام رسانی ان کے ذریعے ہوگی، کسی شخصیت کا نام نہیں لیا گیا لیکن پیغام رسانی کیلیے آفیشل چینل کی بات کی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں