لاہور : عدالت نے سوشل میڈیا پر اداکار و گلوکار علی ظفر کے خلاف مہم چلانے پر میشا شفیع سمیت 8 ملزمان کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکار و گلوکار علی ظفر کے خلاف جنسی ہراسگی کا الزام لگانے والے میشا شفیع خود مشکل میں پھنس گئیں، عدالت نے میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کردئیے۔
مقامی عدالت کی جانب سے 18 جنوری کےلیے نوٹس جاری کیا گیا، ایف آئی اے نےمیشا شفیع، عفت عمر سمیت دیگر کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے علی ظفر پر سوشل میڈیا پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا، ملزمان اپنی صفائی میں ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ظفر نے ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے توہین آمیز مہم پر 2018 میں ایف آئی اے کو میشا کے خلاف درخواست دی تھی۔