واشنگٹن : امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز معاشی میدان میں حکومتی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کی کوششوں اورآئی ایم ایف پروگرام سے یہ ممکن ہوا۔
تفصیلات کے مطابق معاشی اصلاحات کے باعث موڈیزکی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری پر امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی حکومت کی معاشی میدان میں اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا موڈیز نے پاکستان کے کریڈٹ آؤٹ لک میں نظرثانی کی، پاکستان کے کریڈٹ آؤٹ لک کے منفی سے مستحکم ہونے پر خوشی ہے، وزارت خارجہ کی کوششوں اورآئی ایم ایف پروگرام سے یہ ممکن ہوا۔
Pleased to see that @MoodysInvSvc has revised Pakistan’s credit outlook to stable thanks to @FinMinistryPak’s reform efforts and IMF program. With bold economic reforms, Pakistan can boost growth, attract private capital, and expand exports. AGW
— State_SCA (@State_SCA) December 3, 2019
ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ جرأت مندانہ معاشی اصلاحات سے پاکستان پیداوار اور برآمدات بڑھا سکتا ہے جبکہ اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان سرمایہ کاری کو بھی راغب کرسکتا ہے۔
مزید پڑھیں : موڈیز نے پاکستان کا آؤٹ لک منفی سے مستحکم کردیا
یاد رہے 2 دسمبر کو معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے آؤٹ لُک کو منفی سے مستحکم کر دیا تھا ، موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بی تھری پر برقرار رکھی ہے تاہم پہلے مستقبل یعنی آؤٹ لُک منفی تھا۔
عالمی ریٹنگ ادارے کا کہنا تھا کہ اگرچہ زرمبادلہ کے ذخائر اب بھی کم ہیں اور انہیں بہتر ہونے میں وقت لگے گا مگر پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور آزادانہ شرح مبادلہ سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری میں مدد ملے گی۔