لاہور:سری لنکن ٹیم کے کپتان دسن شاناکا نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کھیلنے کو تیار ہیں۔
میچ کے بعد ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں ٹی ٹونٹی ٹیم میں کوئی ٹیم آسان نہیں، سری لنکن ٹیم نے آج کے میچ مین ہم سے بہت اچھا کھیلا ہے اور باؤلنگ کے شعبے میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد نے ماضی میں اچھا کھیلا، امید ہے اگلے میچوں میں دونوں کھلاڑی اچھی فارم میں ہوں گے، ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں مسلسل کارکردگی دکھانا مشکل ہوتا ہے، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو اگلے میچوں میں ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ’’احمد شہزاد کو بطور اوپنر کھلانا تھا اس وجہ سے فخر زمان کو ریسٹ کرایا، جو لڑکے ٹیم میں کھلائے ہیں ان کو پورا موقع دیا جائے گا، شاداب ایسا باؤلر ہے جس نے ماضی میں اچھا کھیلا وہ امکان ہے وہ فارم میں واپس آئے گا‘‘۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان دسن شاناکا کا کہنا تھا کہ چھ سال بعد نمبر ون ٹیم کے خلاف کامیابی پر بہت خوشی ہے، ہم نے آج اچھی کرکٹ کھیلی اس لیے فتح ملی۔
مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح سے ناکام، سری لنکا نے میچ باآسانی جیت لیا
اُن کا کہنا تھا کہ ’’محمد حسنین بہترین کھلاڑی ہیں، دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پریکٹس کی تھی جس سے بہتر نتائج سامنے آئے، تمام سری لنکن کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کھیلنے کو تیار ہیں ، لیگ کھیلنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہوگی‘‘۔
محمد حسنین کی گفتگو
اپنے پہلے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا کہنا تھا کہ نیا گیند کرنے میں مشکل ہوئی کوشش کروں گا آگے بہتر پرفارم کروں گا، وہاب اور محمد عامر سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، امید ہے مجھے ٹیسٹ میں بھی کھیلنے کا موقع ملے گا، پہلی بار ہوم گراؤنڈ مین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل کر بہت اچھا لگا۔