تازہ ترین

علامہ اقبال ایکسپریس کو حادثہ، ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر بڑے حادثے سے بچا لیا

نوشہروفیروز: پڈعیدن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتریں تاہم مسافر محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس کو پڈ عیدن کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے، تاہم ٹرین ڈرائیور نے بروقت ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔

6 گھنٹے گزرنے کے باوجود اپ ریلوے ٹریک کلیئر نہ ہو سکا ہے، پڈعیدن میں ٹرین حادثے کے مقام پر مرمت کا کام جاری ہے، روہڑی سے آئی ریلیف ٹرین متاثرہ بوگیاں اٹھانے میں مصروف ہے۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 2 سے 4 گھنٹے میں مکمل کر کے اپ ٹریک کو بحال کر دیا جائے گا، علامہ اقبال ایکسپریس شیڈول سے پہلے ہی ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار تھی، ٹرین کی بوگیاں اترنے سے اپ ٹریک پر دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی۔

ریلوے انتظامیہ کے مطابق ملتان جانے والی بہاالدین ذکریا ایکسپریس کو کوٹ لالو اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے، جب کہ ملتان جانے والی فریدالدین ایکسپریس کو باندی اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ریلیف ٹرین روہڑی سے کرین بوگی کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچی، تاہم اسے جائے حادثہ پہنچنے میں 3 گھنٹے لگے، ریلیف ٹرین کی کرین سے بوگیوں کو ٹریک سے اٹھایا جا رہا ہے۔

ڈی سی او کا کہنا ہے کہ متاثرہ بوگیوں سے آگے والی بوگیوں کو الگ کر کے بھریا روڈ اسٹیشن روانہ کر دیا گیا تھا، دوسری طرف مسافروں کی پریشانی کم کرنے کے لیے سکھر ڈویژن انتظامیہ کی جانب سے چائے، جوسز اور پانی کی فراہمی کا انتظام کیا گیا۔

پشاور جانے والی خیبر میل کو 4 گھنٹے سے نوابشاہ اسٹیشن پر روکا گیا ہے، جب کہ پرئمیر ٹرین گرین لائن ایکسپریس 4 گھنٹے سے دوڑ اسٹیشن پر رکی ہوئی ہے۔ اسٹیشن ماسٹر پڈعیدن کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک بند ہونے پر ٹرینوں کو ڈاؤن ٹریک سے گزارا جا رہا ہے۔

Comments

- Advertisement -