بھارت فلم انڈسٹری تامل اور تیلگو کے سپر اسٹار اداکار الو ارجن کو ’پشپا 2‘ کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کیس میں مشروط ضمانت مل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن کی مقامی عدالت میں سندھیا تھیٹر بھگدڑ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے الو ارجن کی چند شرائط کے ساتھ ضمانت قبول کرلی۔
اداکار کے وکیل کے مطابق ان کے موکل کو دو مقدمات میں 50،50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے اور ہر اتوار پولیس اسٹیشن میں حاضری دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
View this post on Instagram
الو ارجن کے وکیل نے بتایا کہا کہ عدالت نے بڑی غور و فکر کے بعد یہ ضمانت دی ہے کیونکہ معاملہ قتل کا نہیں ہے، اور عدالت کی جانب سے عائد کردہ شرائط عام نوعیت کی ہیں، جو ہر ملزم کے لیے ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ وکیل نے بتایا کہ یہ معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اگلی سماعت 21 جنوری کو ہوگی، جس کے لیے قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ الو ارجن کے خلاف 4 دسمبر کو پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔