اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے گورنر کے لئے جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی کو نامزد کردیا، وزیر اعظم نے یہ فیصلہ سیاسی جماعتوں سےمشاورت کے بعد کیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے بعد اب بلوچستان کے گورنرکو بھی نامزد کردیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی کا نام فائنل کرلیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی کے نام کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد نئے گورنر کو نامزد کیا ہے۔7اگست1954کو پیدا ہونے والے مان اللہ یاسین زئی27 نےجنوری1997کو بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور جج اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔
بعد ازاں وہ 14ستمبر2005سے2009تک بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس تعینات رہے۔
مزید پڑھیں: امیرمحمدخان کو گورنر بلوچستان بنانےکی خبرمیں صداقت نہیں‘ ترجمان وزیراعظم
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹرامیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنانے کی خبریں گردش میں تھیں تاہم وزیراعظم عمران خان کے ترجمان کا تردید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان خبروں میں صداقت نہیں ہے،امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنرکا عہدہ دینا محض ایک تجویز تھی، حتمی فیصلہ نہیں کیا تھا۔