معروف ہالی ووڈ اداکارہ ایمبر ہیئرڈ اپنے سابق شوہر جونی ڈیپ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ ہارنے کے بعد شدید مالی مشکلات کا شکار ہوگئی ہیں اور اب وہ ایک کتاب لکھنے کا سوچ رہی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق شوہر سے ہتک عزت کا مقدمہ ہارنے اور عدالت کی جانب سے انہیں 15 ملین ہرجانہ ادا کرنے کے حکم کے بعد سے ایمبر ہیئرڈ شدید سماجی و مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
ایمبر کا خیال ہے کہ ان کی طرف کی کہانی ابھی باقی ہے جو وہ کتاب لکھ کر دنیا کو بتانا چاہتی ہیں، ان کے خیال میں اب ان کے پاس کھونے کو مزید کچھ نہیں رہا، اور ہالی ووڈ میں بھی ان کا کیریئر تقریباً ختم ہوچکا ہے، تو وہ اپنی بائیو گرافی لکھنا چاہتی ہیں جس میں جونی ڈیپ سے تعلق کے بارے میں بھی تفصیلات ہوں گی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ کتاب لکھ کر ایمبر اپنی بدنامی میں مزید اضافہ کرسکتی ہیں۔
دوسری جانب جونی ڈیپ اور ان کے وکلا ایمبر کی ہر حرکت اور ہر بیان پر نظر رکھے ہوئے اور چوکنا ہیں، ان کا ارادہ ہے کہ اگر کتاب لکھتے ہوئے ایمبر نے حدیں پار کیں، جس کا قوی امکان موجود ہے، تو ایمبر کو ایک اور مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔
فی الحال ایمبر، ڈیپ کو ہرجانے کی رقم ادا کرنے سے قاصر ہیں جبکہ اپنا کیس ہرانے والے وکلا کی بھاری فیس اور دیگر قانونی اخراجات بھی ان کے ذمے تاحال واجب الادا ہیں۔
کتاب لکھنے کا ایک مقصد معاشی نقصانات کا ازالہ بھی ہے لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے ان کی ساکھ پر مزید برا اثر پڑے گا۔