لاہور : جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ بحرانی حالت میں ہر طرح کے سیاسی اختلافات ختمکردینے چاہئیں، جمعرات کو شب دعا اور جمعہ کو یوم توبہ منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے کرونا وائرس کی وباء سے چھٹکارے کیلئے پاکستانی عوام سے جمعرات کو شب دعا اور جمعہ کو یوم توبہ منانے کی اپیل کی ہے۔
اس حوالے سے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام گھروں سے نہ نکلنا اپنا کلچر بنائیں اور گھر میں رہنے کو اعتکاف سمجھیں۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو موجودہ بحرانی حالت میں ہر طرح کے سیاسی اختلافات منجمد کردینے چاہئیں، اراکین قومی اسمبلی پر مشتمل ایک قومی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی بنائی جائے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ3ماہ کیلئے پیٹرول سمیت پانی، بجلی اور گیس پر ہرطرح کا ٹیکس ختم کیا جائے، پیٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم30روپے فی لیٹر کمی کی جائے،سڑکوں کے ٹول ٹیکس اور گھروں کی ایکسائز ڈیوٹی بھی ختم کی جائے، حکومت سود ختم کرنے کا اعلان کرے۔
سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ ودیگر ممالک تمام ملکوں پر عائد پابندیاں ختم کریں، کشمیر اور فلسطین کا محاصرہ فوری ختم کرایا جائے، کرغزستان میں پھنسے114پاکستانیوں کو فوری واپس لایاجائے۔
انہوں نے کہا کہ مزید انتظارکے بجائےآگے بڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے، گھروں سے نہ نکلنا اپنا کلچر بنائیں اور گھر میں رہنے کو اعتکاف سمجھیں، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کو ہرہفتےاجلاس کرنا چاہیے۔