اسلام آباد: امریکا نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کی پابندی کے حوالے سے اطلاعات کو بے بنیاد قرار دے دیا اور کہا ہے کہ ویزے معمول کے مطابق جاری کررہے ہیں دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ مسلم ممالک سے متعلق نئی امریکی ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہےہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد میتلا کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کو امریکی ویزا دینے پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہیں ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر ویزے جاری کیے جارہے ہیں جس میں کسی قسم کے تعطل کا کوئی امکان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی باشندوں کے امریکا میں داخلے پر بھی کوئی پابندی کا امکان نہیں،پاکستان شہری امریکن ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور انہیں طے شدہ پروسیجر اور شیڈول کے مطابق ویزے پہلے بھی دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔
دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 مسلم ممالک سے متعلق نئی امریکی ویزا پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں، ہرملک کو اپنی ویزا پالیسی سے متعلق مکمل اختیارحاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اوپن پالیسی وقت کا تقاضا ہے، ویزا ایشو کی مزید تفصیلات آنے تک کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا،بین الاقوامی طور پر تمام ممالک سے تعلقات رکھنا ضروری ہیں۔