بالی ووڈ اداکار عامر خان کی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی وجہ سے ان دنوں شدید تنقید کی جارہی ہے اور اس کے خلاف ریلیز سے قبل بائیکاٹ مہم بھی چلائی گئی۔
اداکار عامر خان کی فلم کے بائیکاٹ کی مہم بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے لیکن اب اس مہم میں سابق انگلش کرکٹر مونٹی پنیسر بھی شامل ہوگئے اور انہوں نے بھی عامر خان اور ان کی فلم کیخلاف ٹوئٹ کی ہے۔
مونٹی پنیسر نے لال سنگھ چڈھا کے بائیکاٹ کی مہم کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ فلم بھارتی مسلح افواج اور سکھوں کیلئے ہتک آمیز ہے۔‘
خیال رہے کہ یہ فلم 1994 میں بننے والی ہالی وڈ فلم فاریسٹ گمپ کا ہندی ری میک ہے جس کی کہانی ایک کند ذہن شخص کے گرد گھومتی ہے جو امریکی فوج میں شمولیت کیلئے کافی جدوجہد کرتا ہے اور اس میں کامیابی کے بعد تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیتا ہے۔
اس حوالے سے مونٹی پنیسر کا کہنا ہے کہ امریکی فوج ویتنام جنگ کیلئے کم آئی کیو والے افراد کو بھرتی کر رہی تھی لہٰذا ہالی وڈ فلم کا کہیں نہ کہیں جواز بنتا ہے لیکن بھارتی فلم میں اس کہانی کو استعمال کرنا اور مرکزی کردار میں سکھ کو دکھانا نامناسب ہے۔
مونٹی نے یہیں بس نہیں کی بلکہ اس معاملے میں مذہب کو بھی گھسیٹ لیا اور لکھا کہ ’مسلمان ہمیشہ سکھوں کو کم تر دکھانا چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ لال سنگھ چڈھا 11 اگست کو ریلیز کی گئی ہے فلم میں عامر خان کے مقابل کرینہ کپور نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔