لاہور: نگراں وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عامر میر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مشورہ دے دیا کہ اپنی گرفتاری کا شور نہ ڈالیں۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے بتایا کہ عمران خان کے گھر کے اطراف مطلوبہ افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، زمان پارک سے نکلنے کی کوشش میں دہشتگرد پکڑے گئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الٹی میٹم دینے پر زمان پارک سے دہشتگرد نکلنا شروع ہوگئے ہیں، وہان 4 نہیں بلکہ 40 دہشتگرد موجود ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں وفد کل زمان پارک جائے گا، کل ٹی وی کیمروں کی موجودگی میں وہاں تلاشی لی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان بچگانہ باتیں کر رہے ہیں اور بونگیاں مار رہے ہیں، پنجاب حکومت کا انہیں گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، وہ گرفتاری کا شور نہ ڈالیں ورنہ کوئی واقعی گرفتار کرنے آ جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ صوبائی حکومت اور چیئرمین پی ٹی آئی میں 9 مئی میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلیے کل مذاکرات ہوں گے۔
حکومتی ٹیم کل 2 بجے کے بعد کمشنر لاہورکی سربراہی میں زمان پارک جائے گی۔ حکومتی ٹیم زمان پارک سرچ کیلیے عمران خان کے نمائندوں سے مذاکرات کرے گی۔