پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ مشکل پچ پر قومی کھلاڑیوں کا آج امتحان تھا جس میں وہ کامیاب رہے۔
بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بیٹنگ کے لیے پچ مشکل تھی جو کہ قومی بلے بازوں کے لیے ایک امتحان تھا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں رمیز راجا نے لکھا کہ جب آپ پیچھے سے جیت کر آرہے ہوں تو مشکل لمحات بھی آپ کو آسان لگتے ہیں، اعتماد آپ کا بہترین دوست ہے لیکن یہ اس وقت تک دوستی رہتی ہے جب آپ جیت رہے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے زبردست کھیلا، پاکستان زندہ باد!
#PakvsBan Was a tough pitch to chase, and Pak’s batting got tested today. Lot easier to see off tough moments when you have wins behind you. Confidence is a great friend to have but it befriends you only if you are winning! Good job Pakistan.#PakistanZindabad
— Ramiz Raja (@iramizraja) November 19, 2021
پاک بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو شکست سے دوچار کر دیا، پاکستان نے 128 رنز کا ہدف 6 وکٹوں پر پورا کیا۔
فخر زمان اور خوشدل شاہ نے 5 ویں وکٹ پر 56 رنز کی شراکت بنائی، فخر زمان نے 30 خوشدل شاہ نے 34 رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں شاداب خان اور محمد نواز کی بہترین بیٹنگ کی بدولت پاکستان ٹیم کو فتح نصیب ہوئی، شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 رنز بنائے، جب کہ محمد نواز نے 8 گیندوں پر 18 رنز اسکور کیے۔