نئی دہلی: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے کے لیے باپ کی موت کا بہانہ بنانے والا نوجوان کرونا وائرس کا شکار ہوکر ہلاک ہوگیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر ہندوپور سے تعلق رکھنے والا نوجوان لاک ڈاؤن کے باوجود اپنی موٹرسائیکل پر گھوم رہا تھا۔
نوجوان کو پولیس اہلکار نے پکڑا اور گھر سے باہر نکلنے کی وجہ پوچھی تو نوجوان نے جھوٹ بولا کہ میرے والد کا انتقال ہوگیا اور میں آخری رسومات میں شرکت کے لیے گھر جارہا ہوں۔
نوجوان کو تین روز بعد کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد اُس کی طبیعت ناساز ہوئی تو اہل خانہ اُسے لے کر راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ویزیزرر لے کر پہنچے۔
مزید پڑھیں: بھارت لاک ڈاؤن، ’ہم یہاں پر بھوکے مرجائیں گے‘ بیروزگار نوجوان کی ویڈیو وائرل
ڈاکٹرز نے نوجوان کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے علاج شروع کیا مگر وہ گزشتہ روز جانبر نہ ہوسکا اور چل بسا۔ اہل خانہ کے مطابق نوجوان کرونا کا شکار ہوگیا تھا۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوجوان کا باپ اب بھی زندہ ہے مگر وہ اپنے والدین اور باقی گھر والوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال گیا۔
حکام نے کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد نوجوان کے گھر والوں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا۔ اہل خانہ کے مطابق نوجوان نے آندھرا پردیش آنے کے بعد تین روز تک گھر میں ہی قیام کیا تھا۔