نیویارک: گوگل نے 10 کروڑ صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے کے پیش نظر ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک (وی پی این) نامی ایپ کو اپنے پلے اسٹور سے حذف کردیا۔
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے انکشاف کیا کہ گوگل پلے اسٹور سے وی پی این ڈاؤن لوڈ کرنے والے 10 کروڑ صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کے مطابق وی پی این استعمال کرنے والے صارفین کو ہیکنگ کے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں کیونکہ سسٹم میں نقص ہونے کی وجہ سے ہیکرز باآسانی صارفین کے موبائل تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اینڈرائیڈ کی 9 خطرناک ایپس کو فوری ان انسٹال کردیں
رپورٹ کے مطابق گوگل پلے اسٹور سے اب تک اس ایپلیکیشن کو دس کروڑ سے زائد صارفین ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔
گوگل نے ماہرین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے بعد پلے اسٹور سے وی پی این کو ہٹا دیا اور صارفین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے موبائل سے فوری طور پر ایپلیکیشن ڈیلیٹ کردیں۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نام پر سائبر حملوں کا بھی خطرہ ہے لہذا صارفین عوامی مقامات پر نصب اوپن وائی فائی استعمال کرنے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس، گوگل پلے اسٹور سے تمام ایپس ڈیلیٹ
یاد رہے کہ گوگل کمپنی اپنے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف اقدامات کرتی ہے، گزشتہ دنوں کمپنی نے ٹوٹک نامی ایپ کو بھی پلے اسٹور سے ڈیلیٹ کیا تھا۔