کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 ارب روپے کی منشیات برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کراچی میں کارروائی کے دوران 7 ارب روپے کی منشیات برآمد کر لی۔ اے این ایف نے بتایا کہ بیلجئیم جانے والے کنٹینر سے 700 کلو ہیروئین اور 80کلو افیون برآمد کی گئی۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ضبط منشیات کی مالیت 7 ارب روپے ہے، کنٹینر ساہیوال سے ایک شخص کے نام پر بک کیا گیا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے سمندر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ارب 25 کروڑ روپے کی منشیات برآمد کی تھی۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اور اے این ایف نے بلوچستان کے علاقے پشوکان سے ملحقہ سمندر میں مشترکہ کارروائی کی۔
یاد رہے کہ رواں سال 10 فروری کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی 98 کروڑ روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لی تھی۔اے این ایف کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے ہالینڈ بھجوائی جا رہی تھی۔منشیات کنٹینر کے نچلے حصے میں منشیات انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔