بدھ, مارچ 19, 2025
اشتہار

مالدیپ: رمضان کے آخری عشرے اور عیدالفطر پر غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

رمضان کا مہینہ اختتام کی جانب گامزن اور عید کی آمد قریب آتی جا رہی ہے ایک ملک کے صدر نے غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

دنیا بھر میں مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک اختتام کی جانب گامزن ہے اور اب اہل اسلام روزے رکھنے کے ساتھ عید کی تیاریاں بھی کر رہے ہیں۔

اسلامی ممالک میں اس تہوار پر کئی روز کی تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے تاہم ایک ملک میں غیر معمولی طویل چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ملک مالدیپ ہے، جس کے صدر ڈاکٹر محمد معیظو نے عیدالفطر کی تعطیلات میں غیر معمولی توسیع کر دی ہے تاکہ ملک کے عوام عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں اپنے اہلخانہ اور دوست احباب کے ساتھ منا سکیں۔

مالدیپ میں پہلے عیدالفطر کے لیے 29 رمضان کو چاند نظر آنے کی صورت میں 30 مارچ سے یکم اپریل اور عید 31 مارچ کو ہونے کی صورت میں 31 مارچ سے 3 اپریل تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

تاہم صدر مالدیپ معیظو نے عید تعطیلات میں 3 اپریل تک توسیع کر دی ہے قطع نظر اس کے کہ عید کس دن ہوتی ہے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی مالدیپ کے شہری 30 مارچ سے 5 اپریل تک (7 دن) عید کی تعطیلات گزاریں گے کیونکہ وہاں جمعہ اور ہفتہ 4 اور 5 اپریل کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ صدر مالدیپ نے رمضان کے آخری 10 دنوں کے لیے بھی 20 مارچ سے سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام عبادت اور مذہبی فرائض پر زیادہ توجہ دے سکیں۔

حکومت کے اس فیصلے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں

Statcounter