پشاور : چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل نے خیبر پختونخوا کے اسپتالوں کو مزید وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈز دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ سیل لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے یہ اعلان دورہ پشاور کے موقع پر کیا، ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈاکٹرز اور طبی عملی بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ مشکل گھڑی میں تمام میڈیکل اسٹاف فرنٹ لائن پر کھڑا ہے۔
دورہ پشاور کے موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کی گورنر ، وزیراعلیٰ کے پی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، اس دوران گورنر خیبر پختونخوا فرمان شاہ نے این ڈی ایم اے کے کردار کی تعریف کی۔
جنرل محمد افضل نے ایچ ایم سی اور پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کرکے دونوں اسپتالوں میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے کو اسپتالوں میں کرونا کے تمام انتظامات پر بریفنگ دی گئی جس پر جنرل محمد افضل نے اطمینان کا اظہار کیا۔