کراچی : چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کے خلاف ایک اور مقدمہ سامنے آگیا، مقدمات جلاؤگھیراؤ،دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کے خلاف دوسرا مقدمہ بھی سامنے آگیا۔
آفاق احمد پر عوامی کالونی کے علاوہ لانڈھی میں بھی مقدمہ درج ہوا ، ان کو 2 مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جلاؤگھیراؤ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ، ان کو دونوں مقدمات میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔
حکام نے کہا کہ چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ کو فیروزآباد تھانے کے لاک اپ میں رکھا گیا ہے، ان کو کچھ دیر میں عدالت لے جایا جائے گا۔
پولیس نے بتایا کہ آفاق احمدکی عدالت منتقلی کیلئے فیروزآباد تھانے میں بکتر بند پہنچادی گئی جبکہ لانڈھی پولیس کی جانب سے 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے 2 مہاجرقومی موومنٹ کے کارکن ہیں اور گرفتار کارکنان نے 21 ساتھیوں کے نام پولیس کو بتا دیے ہیں۔