کراچی : سندھ حکومت نے کراچی کا کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے ایک اور لینڈ فل سائٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا ،مجوزہ دھابیجی لینڈ فل سائٹ 3ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے، یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی سب سےبڑی لینڈ فل سائٹ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کا کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے ایک اور لینڈ فل سائٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا ، دھابیجی کے مقام پر لینڈ فل سائٹ کے لیے زمین کی نشاندہی کرلی گئی ، مجوزہ دھابیجی لینڈ فل سائٹ 3ہزار ایکڑ پر مشتمل ہے۔
سائٹ پر مختلف اقسام کا کچرا الگ الگ کرنے کے لیے بلاکس مخصوص ہوں گے اور آئندہ مرحلے میں نجی شراکت سے کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ ہے۔
مجوزہ دھابیجی لینڈ فل سائٹ پر 9 سال تک کراچی کا کچراجمع کیا جاسکے گا اور یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی سب سےبڑی لینڈفل سائٹ ہوگی۔
کراچی میں یومیہ جمع کچرےکےلیے 2لینڈ فل سائٹس موجود ہیں ، جام چاکرو اورگوند پاس لینڈ فل سائٹس میں کی استعداد بتدریج کم ہورہی ہے جبکہ کراچی کے مختلف اضلاع سے روز 12 سے 15 ہزار ٹن کچرا جمع کیا جاتا ہے۔
یاد رہے 21 ستمبر کو سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں ایک ماہ طویل خصوصی صفائی مہم کا آج سے آغازہوا تھا، وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انشاء اللہ کراچی کو صاف کر کے دکھائیں گے لیکن اس کے بعد مینٹین کرنا لوکل گورنمنٹ کا کام ہے اور جہاں جہاں جو ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا م کررہی ہے وہاں پر ان کا کام ہے۔ ان سے میں مدد چاہوں گا۔
مشیر سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگوں کے تعاون سے کچرے کو صاف کر سکتے ہیں۔ ایک بار صفائی ہوجائے پھر روزمرہ کی صفائی کا خیال رکھا جائے گا، پیپلز پارٹی میدان میں اتر چکی ہے سارےکام کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہم سے پہلے کراچی سے روز 11 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جا رہا تھا، مہم کے بعد روز 14 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔