اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کی مسلسل کوششوں کے باوجود بھارتی رویے میں تبدیلی نہیں آئی، ایک اور پاکستانی شہری بھارتی قید میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
سفارتی ذرایع کے مطابق بھارتی قید میں ایک اور پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا ہے، 62 سالہ محمد اعظم امرتسر کے گرونانک دیو اسپتال میں انتقال کر گیا۔
[bs-quote quote=”سزا 2016 میں مکمل ہونے کے باوجود 62 سالہ پاکستانی شہری کو بھارت نے رہا نہیں کیا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]
سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد اعظم کو 25 فروری کو امرتسر جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
محمد اعظم غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کے جرم میں قید تھا، ذرایع نے بتایا کہ انھیں بھارت کی فیروز پور جیل میں قید رکھا گیا تھا۔
2016 میں سزا مکمل ہونے پر محمد اعظم کو امرتسر جیل منتقل کیا گیا تھا، سزا مکمل ہونے کے باوجود 62 سالہ پاکستانی شہری کی رہائی ممکن نہ ہو سکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پلوامہ حملے کا انتقام، بھارتی جیل میں قید پاکستانی قیدی ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راجھستان کے شہر جے پور کی جیل میں قید پاکستانی شہری شاکر اللہ کو پلوامہ حملے کا بدلہ لینے کے لیے ساتھی انتہا پسند قیدیوں نے مشتعل ہو کر قتل کر دیا تھا۔
دوسری طرف 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا، تاہم پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت ابھی نندن کو رہا کر دیا تھا۔