،
کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں سی این جی نہ ملنے پر رکشہ ڈرائیور نے رکشہ جلادیا، خودسوزی کی کوشش لوگوں نے ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں غربت کے مارے رکشہ ڈرائیور نے سی این جی نہ ملنے پر رکشہ جلادیا، پمپ سے پیٹرول خریدا اور کچھ دور جاکر رکشے پر چھڑکا اور آگ لگائی اور خودسوزی کی کوشش کی جسے شہریوں نے ناکام بنادیا۔
رکشہ ڈرائیور شاہد کا کہنا ہے کہ دو مہینے سے گھر کا کرایہ نہیں دیا مالک مکان گھر خالی کرنے کا کہہ رہا ہے بچوں کو تڑپتا نہیں دیکھ سکتا، شاہد کے پانچ میں سے تین بچے پراسرار بیماری میں مبتلا ہیں انہیں مغرب کے بعد کچھ نظر نہیں اتا۔
شاہد کے پانچ بچوں میں سے بڑی بیٹی کی عمر 9 سال ہے جبکہ چھوٹی بیٹی ڈیڑھ سال کی ہے۔
بعدازاں خودسوزی کی کوشش کرنے والے رکشہ ڈرائیور شاہد کے اہل خانہ گلبہار تھانے پہنچے، شاہد کے بچے اپنے والد سے رو رو کر سوال کررہے تھے کہ آپ نے رکشہ کو آگ کیوں لگائی اب ہم گھومیں گے کیسے آپ نے رکشہ جلادیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز نذیر شاہ کے مطابق رکشہ پوری طرح جل کر خاکستر ہوچکا ہے جبکہ اہلخانہ تھانے میں موجود ہیں اور پولیس تحقیقات کررہی ہے تحقیقات کے بعد مزید کیس کو آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ چار روز قبل شارع فیصل پر رکشہ ڈرائیور نے روز کے چالان سے تنگ آکر خود کو آلگ لگالی تھی، جسے زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج چل بسا تھا۔