پشاور: آئندہ عام انتخابات کے لیے عوامی نیشنل پارٹی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کسی بھی دوسری پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کی حکمت عملی بنا لی۔
تفصیلات کے مطابق اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔
ایمل ولی کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے منشور کے ساتھ آئندہ عام انتخابات کے لیے تیار ہے، اور صوبہ بھر میں اے این پی کے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔
صوبائی صدر نے کہا کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف شکست سے بچنے کے لیے بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے، اے این پی قومی وسائل پر عوام کے اختیار اور ان کے حق حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔
ایمل ولی نے کہا ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا جن بے قابو ہو چکا ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے لیے خوار ہو رہے ہیں، اور حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کی بجائے لانے والوں کے ریلیف کے لیے کام کر رہی ہے۔