کراچی : شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف نان اسٹاپ آپریشن جاری ہے، پہلوان گوٹھ میں دو کلومیٹر کے علاقے میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، شہری سڑکوں پر پڑے ملبے سے پریشان ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پانچ نومبر سے شروع کیا گیا تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کا نان اسٹاپ آپریشن جاری ہے، کراچی کےعلاقے پہلوان گوٹھ میں رات گئے انتظامیہ کی بھاری مشینری نے دو کلومیٹر کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔
کراچی کے شہری تجاوزات کے خاتمے پر خوش تو ہوئے تھے مگر اس خوشی پر ملبے کا ڈھیر چھا گیا۔ ترجمان کے ایم سی کے مطابق ایمپریس مارکیٹ سے ایک لاکھ ٹن ملبہ بحریہ ٹاؤن کی مدد سے اٹھایا گیا، بلدیہ عظمیٰ نےملبہ اٹھانے کیلئے حکومت سندھ سے فنڈ بھی مانگا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اٹھارہ ہزار غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ سات ہزار ایک سو تراسی دکانیں، تین ہزارتین سونوے وال فکسنگ دکانیں، آٹھ ہزار سن شیڈ ز، بارہ ہزار چبوترے ،پانچ ہزار کیبن اور دو غیر قانونی شادی لان مسمار کیے گئے۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق ایمپریس مارکیٹ سے ایک لاکھ ٹن ملبہ بحریہ ٹاؤن کی مدد سے اٹھایا گیا ۔تاہم ملبہ شہر کے اٹھارہ سے زائد علاقوں میں اب بھی موجود ہے ۔ترجمان کےمطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ملبہ اٹھانے کیلئے حکومت سندھ سے فنڈز بھی مانگا ہے۔