کراچی: صوبہ سندھ کے سیلاب زدہ اضلاع میں مچھر مار اسپرے کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا، تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ سیلاب زدہ علاقوں میں لاروا اور مچھر مار اسپرے کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے 9 سیلاب زدہ اضلاع میں مچھر مار اسپرے کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 5 ہزار کلو مچھر مار پاؤڈر موصول ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 ہزار کلو مچھر مار اسپرے پی ڈی ایم اے جامشورو ویئر ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے جبکہ 3 ہزار کلو مچھر مار اسپرے پی ڈی ایم اے سکھر ویئر ہاؤس منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کے 9 سیلاب زدہ اضلاع میں لاروا اور مچھر مار اسپرے کیا جائے گا، ان اضلاع میں میرپور خاص، مٹیاری، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، دادو، نوشہرو فیروز اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔
تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ سیلاب زدہ علاقوں میں لاروا اور مچھر مار اسپرے کرے گی، تمام اضلاع میں 500، 500 کلو مچھر مار اسپرے فراہم کیا جائے گا۔
انسداد لاروا کے لیے مقامی تیار کردہ بی ٹی آئی پی کے پاؤڈر استعمال ہوگا، پاؤڈر میں موجود بیکٹیریا خشکی اور پانی میں لاروا کی افزائش روکتا ہے۔