اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کرلیا، انوار الحق کاکڑ کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی۔
نوٹی فکیشن کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی، انوار الحق کاکڑ 2018 میں آزاد حیثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔
انوارالحق کاکڑ کی ایوان بالاکی رکنیت مارچ 2024 تک تھی، انوارالحق کاکڑ آج نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی جس کے بعد صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سمری پر دستخط کر دیے تھے۔