بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

سرحدوں پر جانیں دینے والے فوجی جوانوں سے محبت ہے، انور مقصود

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان کے نامور ڈرامہ رائٹر اور فنکار انور مقصود نے اپنے ساتھ مار پیٹ کی خبروں پر ویڈیو بیان جاری کر دیا۔

پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کرتی رہیں کہ انور مقصود پر تشدد کیا گیا ہے تاہم معروف ادیب نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔

ویڈیو بیان میں انور مقصود نے کہا کہ ’میرا نام انور مقصود ہے، میں آپ سب کو جانتا ہوں اور آپ لوگ بھی مجھے جانتے ہیں۔ پچھلے دنوں میرے متعلق کچھ خبریں سرگرم تھیں جن کی وجہ سے میرا جینا حرام ہوگیا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں چاہنے والے ہیں، ہر ملک اور ہر شہر سے فون آ رہے ہیں کہ آپ کیسے ہیں، میں نے بتایا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ آپ سن رہے ہیں وہ ہوا نہیں ہے اور نہ ہی ہوگا، میری عمر 84 برس ہے اور میں ایک تھپڑ کے بعد ہی نہیں رہوں گا تو پھر اتنی مار پیٹ میرے ساتھ کیسے ہوئی؟

’کچھ نہیں ہوا میں ٹھیک ہوں اور 66 برس سے آپ لوگوں کیلیے لکھ رہا ہوں۔ مجھے اپنے سپاہیوں سے محبت ہے جو سرحدوں پر ہم لوگوں کی خاطر جانیں دے رہے ہیں۔ یہ سب کچھ میں اپنے دل سے بول رہا ہوں مجھے پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔‘

انور مقصود نے مزید کہا کہ میرے پاس سادہ سا موبائل فون ہے جبکہ میرے نام اور تصور کے ساتھ 42 سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلائے جا رہے ہیں جو جعلی ہیں، میں نے پولیس اور ایف آئی اے سے رابطہ کیا کہ انہیں بند کروا دیں لیکن انہوں نے کہا کہ ہم نہیں کر سکتے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ جب تک میں ہوں آپ لوگوں کیلیے لکھتا رہوں گا، پاکستان زندہ باد۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں