اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیوں کے خدشات کا اظہار کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ان پر متعلقہ فورمز پر قانونی چارہ جوئی کی جائے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا گیا جس میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جمہوریت کے فروغ کیلیے ایک قدم ہے، الیکشن میں نمایاں ٹرن آؤٹ کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا، تمام اسٹیک ہولڈرز کو احساس ہو ہار جیت جمہوری عمل کا پہلو ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی قانون سازی، عدالتیں اور انتظامی شاخیں لچکدار ہیں، عدالتیں اور انتظامیہ سب کو انصاف فراہم کرنے کیلیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج اور اجتماع بنیادی حقوق ہیں لیکن کسی قسم کے تشدد یا اکسانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، تشدد کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
The recently conducted General Elections in the country have been a step towards promoting democracy. Significant turnout from all segments of society, including both genders, has been acknowledged internationally Post elections, it is imperative that all stakeholders realise…
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) February 17, 2024
ان کا کہنا تھا کہ نازک وقت میں انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا، دشمنوں کے ایجنڈے کو بڑھانے کیلیے انتشار پھیلایا جاتا ہے، استحصال اور امن و امان کے چیلنجز پیدا کرنے کیلیے انتشار پھیلایا جاتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگراں حکومت صبر و تحمل کی درخواست کرتی ہے، سیاسی جماعتیں حکومت بنانے کیلیے مشاورت کر رہی ہیں امید ہے یہ عمل باہمی افہام و تفہیم سے جلد از جلد اختتام پذیر ہوگا۔