پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

عمران، امریکی سفیر، فواد چوہدری، قریشی اور سوری کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: عدالت سے عمران خان، امریکی سفیر، فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی اور قاسم سوری کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان، یو ایس سفارتکار، سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف غداری کی کارروائی کے لیے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی ہے۔

یہ انٹرا کورٹ اپیل مولوی اقبال حیدر ایڈووکیٹ کی درخواست خارج ہونے کے بعد دائر کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سنگل رکنی بنچ نے ٹھیک سے سنے بغیر فیصلہ دیا، سابق وزیر اعظم نے امریکی سازش کا الزام لگایا، وہ دھمکی آمیز خط کی انکوائری، تفتیش اور تصدیق کرنے کے پابند تھے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ متنازع خط عالمی عدالت انصاف میں چیلنج کرنے کی ضرورت تھی، لیکن عمران خان ایسا کرنے میں ناکام رہے، آئین پاکستان کے آرٹیکل 2A ،4 کی خلاف ورزی کی گئی ہے، اور پاکستان کی یک جہتی، سالمیت، خود مختاری اور سلامتی کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا گیا ہے، امریکا کے ساتھ تعلقات ختم کر کے بھی پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا گیا۔

اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان، یو ایس سفارت کار، فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی اور قاسم سوری کے خلاف سنگین غداری ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے، اور درخواست گزار کی شکایت پر وزارت داخلہ مذکورہ افراد کے خلاف انکوائری شروع کرے۔

اپیل کی گئی کہ قانون کے مطابق یہ شکایت ہائی ٹریزن ایکٹ کے تحت دائرہ اختیار رکھنے والی ٹرائل کورٹ کو بھیجی جائے، عدالت وزارت داخلہ کو حکم دے کہ درخواست پر فیصلہ ہونے تک عمران خان، یو ایس سفارت کار، فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی اور قاسم سوری کا نام ای سی ایل میں ڈالیں۔

اہم ترین

مزید خبریں