واشنگٹن: آئی فون کے نئے فیچر کو ماہرین نے ’پرائیویسی رسک‘ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایپل نے آئی فون صارفین کی ڈیوائس میں موجود بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر کی تلاش کرنے کا سسٹم بنانے کا اعلان کردیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا سسٹم، صارف کے آئی فون کو اسکین کرسکے گا، اگر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق تصاویر ہوئیں تو اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کیا جائے گا۔
ایپل کمپنی کے مطابق نیا سسٹم صارف کی ڈیوائس میں موجود بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر آئی کلاوڈ فوٹوز پر محفوظ ہونے سے قبل اسے تلاش کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کرسکے گا۔
دوسری جانب ماہرین نے نئے سسٹم پر پرائیویسی خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو آمرانہ حکومتیں شہریوں کی جاسوسی کے لیے استعمال کرسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس بارے میں راز داری کے خدشات ہیں کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کا دائرہ ممنوعہ مواد یا سیاسی تقریر کے لیے فون کو اسکین کرنے کے لیے بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔