لاہور: پشاور کے بعد لاہور میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمے کیلیے درخواست جمع کروا دی گئی۔
پی ٹی آئی پنجاب کے نائب صدر اکمل باری کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو مریم نواز کے خلاف مقدمے کی درخواست دی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سی سی پی او تھانہ مزنگ کے ایس ایچ او کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمے کی ہدایت دیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ’فتنہ ختم ہو رہا ہے‘، ان کے بیان سے لاکھوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے، بانی پی ٹی آئی کو ان سے شدید خطرات لاحق ہیں۔
استدعا کی گئی کہ مریم نواز کے خلاف اشتعال انگیزی اور دھمکی دینے پر مقدمہ درج کیا جائے۔
گزشتہ روز پشاور کے تھانہ شرقی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست انصاف لائرز فورم کے جنرل سیکرٹری علی زمان ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی تھی۔
درخواست میں بانی پی ٹی آئی سے متعلق ان کے بیان کا حوالہ دیا گیا تھا۔