اسلام آباد: دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں ضلع دیامیر میں دسمبر 2020 تک پاک فوج کے 120 دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ضلع دیامیر میں پاک فوج کے 120 دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کرنے کی درخواست کی تھی، ڈیم کی تعمیر کے لیے زمین کے حصول کے دوران تھریٹ الرٹ موصول ہوئے تھے۔
ذرایع نے بتایا کہ ڈیم پر کام کرنے والوں اور دیگر وسائل کی سیکورٹی پاک فوج دیکھے گی۔
دیامر بھاشا ڈیم چلاس اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی زندگیاں بدل دے گا، وزیراعظم
آج چلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم چلاس اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی تقدیر بدل دے گا، جیسے جیسے ڈیم مکمل ہوگا تجارت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
واضح رہے کہ دریائے سندھ پر تعمیر ہونے والا یہ ڈیم دنیا کا سب سے بڑا آر سی سی ہوگا، دیامیر بھاشا ڈیم 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کے کام آئے گا، ڈیم میں ذخیرہ پانی میں سے 64 لاکھ ایکڑ استعمال میں لایا جا سکے گا۔
ڈیم کی تعمیر سے پاکستان کے پانی ذخیرہ کی صلاحیت 30 سے بڑھ کر 48 دن ہو جائے گی، اس ڈیم سے سالانہ 18 ارب 10 کروڑ یونٹس سستی ترین بجلی بھی میسر آئے گی، دیامیر بھاشا ڈیم 30 لاکھ ایکڑ رقبے کو سیراب کرنے کے لیے پانی فراہم کرے گا۔
ڈیم مجموعی طور پر 4500 میگا واٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت کا حامل ہے، ڈیم سے بجلی پیدا کر کے تیل کی مد میں سالانہ 2.48 ارب ڈالرز کی بچت ہوگی۔