منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ طالب علم نے ایک بار پھر پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں اور موت کو شکست دینے والے طالب علم احمد نواز نے ایک بار پھر پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا، احمد نواز نے 2019 کا لیگیسی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالب علم احمد نواز نے 2019کا لیگیسی ایوارڈ حاصل کرلیا ہے، احمد نواز کو کینزنگٹن پیلیس میں مدعوکیا گیا، جہاں انہوں نے شہزادہ ولیم سےبھی ملاقات کی۔

یاد رہے رواں سال جولائی میں سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں اور موت کو شکست دینے والے طالب علم احمد نواز کو لندن میں ڈیانا ایوارڈ سےنوازا گیا تھا، احمد نواز کو نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے ان کی خدمات پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔

مزید پڑھیں : سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ طالب علم احمدنواز نے ڈیانا ایوارڈ حاصل کر لیا

اس سے قبل برطانوی وزیراعظم کی جانب سے احمد نواز کے لئے پوائنٹ آف لائٹ ایوارڈ کا اعلان کیا تھا ، برطانوی وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ خط میں انتہاپسندی کے خلاف احمد نواز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا اس مہم میں احمدنواز نےگرانقدرکام کیا۔

علاوہ ازیں احمد نواز کو برطانیہ اور یورپ کا ینگ پرسن آف دی ایئر، ایشیا انسپائریشن ایوارڈ اور درجنوں دیگر ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔

واضح رہے 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نے علم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی اور دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔

سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا، جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں