اشتہار

قومی ٹیم میں کپتانی کا تنازع، یونس خان اور کامران اکمل بھی بول پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی کپتان بابر اعظم کو آرام دینے اور شاہین شاہ کو کپتان بنانے کی خبروں پر یونس خان اور کامران اکمل بھی بول اٹھے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ رواں ماہ افغانستان کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے ریگولر کپتان بابر اعظم کو آرام دینا اور اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنانا چاہتا ہے۔ میڈیا میں قومی ٹیم کی کپتانی کا تنازع کھڑا ہونے پر سابق چیمپئن کپتان یونس خان اور سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بھی اس معاملے پر بول اٹھے ہیں۔

چیمپئن کپتان یونس خان نے قومی ٹیم میں اچانک کھڑے ہونے والے کپتانی کے تنازع پر کہا کہ پی سی بی کو بتا دینا چاہیے کہ ان کا آئندہ کا پلان کیا ہے؟

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، پی سی بی کوشش کرے کہ اس سیریز میں زیادہ تر نئے کھلاڑیوں کو کھلایا جائے۔

پاکستان ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے اس معاملے پر کہا کہ ریگولر کپتان کو 3 میچوں میں آرام دینے سے کوئی مسئلہ نہیں ہو جائے گا۔ کھلاڑیوں کو ان سب پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔

کامران اکمل نے کہا کہ اگر افغانستان کے خلاف سیریز میں بھی فُل اسٹرینتھ ٹیم منتخب ہوئی تو سابق کرکٹر اس پر بھی شور کریں گے، نوجوان کھلاڑیوں کو اب موقع نہیں دیں گے تو کب دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے اور ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے افغانستان سیریز کے لیے کپتانی کی ذمے داری لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

دوسری جانب مذکورہ معاملے پر سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے متنبہ کیا ہے کہ کرکٹ بورڈ 90 کی دہائی سے سبق لیں اور کپتانی کی اس جنگ میں پاکستان کرکٹ کو برباد نہ کریں۔

رمیز راجا نے کہا کہ افسوس ہے کہ کپتانی کی جنگ میں بابر اعظم، شاہین شاہ اور شاداب خان آمنے سامنے ہیں۔ اس سے ڈریسنگ روم کا ماحول خراب ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں