بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات اکثر و بیشتر پیش آتے ہیں، جن میں جانی و مالی نقصانات بھی ہوتے ہیں۔
اب کی بار امریکی ریاست کنساس کے علاقے ویویرلی میں 25 جون کو ہائی وے پر چلنے والی گاڑی پر آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس گاڑی میں میں تین بچوں سمیت پانچ افراد سوار تھے، جو ہائی وے کے راستے اپنی منزل کی طرف جارہے تھے۔گاڑی میں سوار ایک بچے کی عمر تین سال، جبکہ دوسرے کی ڈیڑھ سال اور تیسرے کی آٹھ ماہ تھی۔
اس گاڑی کے پیچھے چلنے والی کار کے کیمرے میں بجلی گرنے کے منظر کی ویڈیو محفوظ ہوئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیاہ رنگ کی گاڑی پر آسمانی بجلی گری، جس کے بعد آگ کا بڑا سا شعلہ بھی بلند ہوا اور ارد گرد آگ لگ گئی۔
آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کی آواز سے سڑک پر آنے والی دیگر گاڑیاں رُک گئیں تھیں۔ والدین گاڑی سے اترے اور دیکھا تو تمام بچے بالکل محفوظ تھے جبکہ گاڑی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے والد نے بتایا کہ ’میں نے سب سے پہلے بچوں کو دیکھا کہ وہ ٹھیک تو ہیں، جب انہیں دیکھ لیا تو تسلی ہوئی اور پھر ہم انہیں گاڑی سے نکال کر دور بھاگ گئے تھے‘۔